امبر الرٹ کی طرز پر’’تلاش‘‘ ایمرجنسی الرٹ سسٹم تیا ر کیا جائے گا، رانا ثنا اللہ
لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا ء اللہ خاں نے سیکرٹری سکولز کو ہدایت کی ہے کہ وہ بچوں کی عمر کے لحاظ سے ریڈنگ میٹریل انکے سلیبس میں متعارف کروانے کے لیے مناسب اقدامات اٹھائیں ۔ تدریسی کتب میں بچوں کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ اور دینی شعار کے عین مطابق ڈھالنے کے لیے علما کرام کو بھی آن بورڈ لیا جائے۔ پاکستان میں امبر الرٹ کی طرز پر'تلاش'کے عنوان سے مجوزہ ایمرجنسی الرٹ سسٹم تیا ر کیا جائے گا۔جس کا اجراء ابتدائی طور پر لاہور اور ملتان ڈویژنز سے کیا جائے گا۔ وہ سیون کلب روڈ پر بچوں کے تحفظ سے متعلق منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں سب کمیٹیوں کے سربراہان نے بچوں کے خلاف جرائم کی موثر روک تھام کے لیے مرتب کردہ اپنی سفارشات پیش کیں۔ اجلاس میں بچوں پر جنسی تشدد کی روک تھام، اسکے سدباب اور معاشرتی و حکومتی سطح پر ممکنہ اقدامات بارے سیر حاصل گفتگو بھی ہوئی۔