فرانس محمود بوٹی پر ڈیم کی تعمیر کیلئے 67 ارب روپے فراہم کرے گا
لاہور( خصوصی نامہ نگار )منیجنگ ڈائریکٹر واسا سید زاہد عزیز نے واسا ہیڈ آفس میں فرانسیسی سفیر سے ملاقات کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فرانس محمود بوٹی کے مقام پر ڈیم کی تعمیر کیلئے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے ذریعے 67ارب روپے فراہم کرے گا اور اس منصوبے کی تکمیل کیلئے مالی تعاون کے ساتھ ساتھ تکنیکی معاونت بھی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ فرانس لاہور شہر میں پرانی بوسیدہ اور زنگ آلود واٹر سپلائی لائنوں کی تبدیلی کیلئے 33ارب روپے کی سرمایہ کاری بھی کرے گا۔ لاہور کی آبادی میں اضافے اور روز بروز پانی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے محمود بوٹی کے مقام پر دریائی پانی کا ذخیرہ کرنے کیلئے ایک ڈیم تعمیر کیا جائے گا۔ جہاں سے جمع شدہ پانی کو ٹریٹمنٹ پلانٹس کے ذریعے صاف کرکے شہریوں کو فراہم کیا جائے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد واسا گرائونڈ واٹر کے علاوہ 25%تک سرفیس واٹر بھی حاصل کر سکے گا۔ منصوبے سے زیرزمین پانی کے ذخائر پر دبائو کم ہوگا اور واٹر لیول کو مزید گرنے سے روکا جا سکے گا۔