عدل و انصاف ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کا ضامن ہے: ڈاکٹر راغب نعیمی
لاہور( خصوصی نامہ نگار)ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ اسلامی معاشرے میں عدل وانصاف اور مساوات کو بڑی اہمیت حاصل ہے، عدل وانصاف ہی دنیا وآخرت میں کامیابی کا ضامن ہے،عدل و مساوات کا جو پیمانہ اسلام نے دیا ہے، دنیا میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ رسول اکرم نے اپنے قول اور فعل سے مساوات کی بہترین مثالیں قائم کیں۔ اسلام تمام انسانوں کو برابر حقوق دینے کی تعلیم دیتا ہے۔ عدل و انصاف کا قائم کرنا اور اس پر قائم رکھنا صرف حکومت اور عدالت کا فریضہ نہیں بلکہ ہر انسان اس کا مکلف و مخاطب ہے کہ وہ خود انصاف پر قائم رہے اور دوسروں کو انصاف پر قائم رکھنے کی کوشش کرے۔