فیول کی قیمتوں میں مسلسل کمی، پی آئی اے نے عمرے کے ٹکٹ کی قیمت 8 ہزار بڑھا دی
لاہور (خبرنگار) پی آئی اے نے عمرہ کا کرایہ 10 ہزار روپے کم کرنے کی خوشخبری سنانے کے صرف ایک ہفتے کے بعد ہی کرایوں میں 8 ہزار روپے کا اضافہ کر کے عوام سے عمرے کی سستی ٹکٹ خوشی چھین لی۔ یہ اضافہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ حکومت دو بار تیل کی قیمت میں کمی کر چکی ہے اور مزید کمی کا ارادہ رکھتی ہے۔ پی آئی اے نے گذشتہ ہفتے عمرہ کی ٹکٹ میں 10 ہزار روپے کمی کر دی تھی جس کے بعد عمرہ کی ٹکٹ کی قیمت 67 ہزا ر روپے ہو گئی تھی جبکہ اسکے مقابلے میں شاہین ایئرلائنز اور ایئر بلیو 80 سے 85 ہزار روپے کے درمیان عمرہ کی ٹکٹ فروخت کر رہی تھیں۔ پی آئی اے نے دوسری ایئر لائنز کی طرف سے کرائے کم نہ کرنے پر اپنے کرائے کو برقرار رکھنے کی بجائے کرائے میں 8 ہزار روپے کا اضافہ کر کے ٹکٹ کی قیمت 75 پر پہنچا دی۔ یاد رہے مئی 2014ء میں پی آئی اے کی ٹکٹ 50 سے 60 ہزار روپے میں دستیاب تھی۔