این اے125: ٹربیونل نے تمام ووٹوں کی تصدیق نادرا سے کرانے کی درخواست سماعت کے لئے منظور کر لی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) الیکشن ٹربیونل نے این اے125کے تمام ووٹوں کی تصدیق نادرا سے کروانے کیلئے دائر درخواست باضابطہ سماعت کیلئے منظور کرلی۔ ٹربیونل نے آئندہ ہفتے خواجہ سعد رفیق سے جواب طلب کرلیا۔ ٹربیونل کے روبرو نادرا کے اعلیٰ افسر نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125کے پانچ پولنگ سٹیشنز کے ووٹوں کی انگوٹھوں کے نشانات کے ذریعے تصدیق کے حوالے سے جمع کروائی گئی رپورٹ کو درست قرار دیدیا۔ رپورٹ پر خواجہ سعد رفیق کے وکیل نے بحث مکمل کرلی۔ حامد خان کے وکیل نے ٹربیونل میں متفرق درخواست جمع کرواتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ نادرا رپورٹ میں حلقہ میں دھاندلی ثابت ہوچکی ہے لہٰذا تمام ووٹوں کی انگوٹھوں کے نشانات کے ذریعے تصدیق کا حکم دیا جائے۔