ایم ایس ایف نے تحریک پاکستان میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا: مقررین
لاہور (خصوصی رپورٹر) تحریک پاکستان میں نوجوانوں بالخصوص مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن سے وابستہ طلبہ نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا۔ 1945-46ء کے انتخابات میں مسلم لیگ کی تاریخ ساز کامیابی میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن نے کلیدی کردار ادا کیا۔ تحریک پاکستان کے دوران شہید ہونیوالے طالب علم محمد مالک کا تعلق بھی ایم ایس ایف سے تھا۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، شاہراہ قائداعظم میں تقریبات آزادی کے سلسلے میں تحریک پاکستان میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف) کے کردار کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا۔ اس موقع پر تحریک پاکستان کے کارکن و وائس چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ ڈاکٹر رفیق احمد، تحریک پاکستان کے کارکن کرنل (ر) سلیم ملک، صدر مسلم لیگ (ن) کے محمد پرویز ملک، ایم ایس ایف کے مرکزی رہنما و صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد ارشد، ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری شہباز احمد، ریذیڈنٹ ایڈیٹر روزنامہ اوصاف ذوالفقار احمد راحت ،نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید،ایم ایس ایف کے عہدیداروں شہزاد خان، سید عمران زیدی، محمد لئیق (بوبی گجر)، ہمایوں بٹ، اسلم سنی پرنس، شہزاد کھوکھر اور چوہدری جمیل سراج سمیت ایم ایس ایف کے سینکڑوں کارکنان بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ نوجوانوں بالخصوص طلبہ نے تحریک پاکستان میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ ہی قومیں بناتی ہیں۔ اسلامیہ کالج ریلوے روڈ لاہور میں تحریک پاکستان کا مرکز تھا۔ نعروں سے انقلاب نہیں آتا بلکہ اس کیلئے تعلیم پر توجہ دی جائے۔ محمد پرویز ملک نے کہا کہ طلبہ نے تحریک پاکستان کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔آج جمہوریت کو کمزور کرنے کے خواہشمند چند عناصر ہماری پیٹھ پر چھرا گھونپنا چاہتے ہیں۔ یہاں موجود طلبہ کے جوش و جذبے کو دیکھ کر مجھے یقین ہے کہ کسی کو ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی جرات نہیں ہو سکے گی۔ ہم جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیں گے۔ رانا محمد ارشد نے کہاکہ حمید نظامی مرحوم ایم ایس ایف پنجاب کے بانی صدر تھے، ان کی قیادت میں طلبہ نے تحریک پاکستان میں اہم کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم نے قیام پاکستان اور بعدازاں استحکام پاکستان میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا، انہوں نے نظریۂ پاکستان کے فروغ اور اس کی ترویج و اشاعت کیلئے زندگی وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے کہا تو ایم ایس ایف کے طلبہ پشاور سے لے کر کراچی تک سراپا احتجاج ہوں گے۔ تحریک پاکستان کے کارکن کرنل (ر) سلیم ملک نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد استحکام پاکستان میں بھی طلبہ کا کردار نہایت اہم ہے۔ برطانوی حکومت کا خیال تھا کہ مسلم لیگ ان انتخابات میں 25فیصد سیٹیں حاصل کر پائے گی لیکن طلبہ کی قربانیوں کی بدولت مسلم لیگ نے نوے فیصد سیٹیں حاصل کیں۔ تحریک پاکستان کے دوران شہید ہونیوالے طالب علم محمد مالک کا تعلق بھی ایم ایس ایف سے تھا۔ چوہدری شہباز احمد نے کہا کہ یہاں موجود ایم ایس ایف کے کارکنوں کا جذبہ دیکھ کر مجھے یقین ہو گیا ہے کہ طلبہ نے جس طرح قائداعظم کی قیادت میں پاکستان بنایا تھا اسی طرح میاں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو بچانے میں بھی اپنا کرار ادا کریں گے۔ بوبی گجر نے کہاکہ قائداعظم کی قیادت میں ایم ایس ایف کے طلبہ نے تحریک پاکستان کے دوران بے شمار قربانیاں دیں۔ اسلم سنی پرنس نے کہا کہ علامہ محمد اقبال نے مسلمانان برصغیرکیلئے ایک علیحدہ ملک کا خواب دیکھا اور مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن نے قائداعظم کی قیادت میں اس خواب کو عملی شکل دی۔ شہزاد خان نے آنیوالے معزز مہمانوں اور طلبہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس ایف سے وابستہ طلبہ ملکی تعمیر و ترقی اور استحکام میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔