سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی، وزیراعظم آسمان سے گر کر کھجور میں اٹک گئے: تحریک انصاف

سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی، وزیراعظم آسمان سے گر کر کھجور میں اٹک گئے: تحریک انصاف

لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے، کرپٹ وزیر اعظم کے خلاف فیصلہ دینے والے ججز کو قوم سلام پیش کرتی ہے، ساری قوم عدلیہ کی احسان مند ہے۔ اس سے بڑی ہتک کیا ہو گی کہ کرپشن کے الزامات میں وزیر اعظم اور ان کے بچے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کے سامنے پیش ہوں اب ذلت اور استعفے میں سے کسی ایک کا فیصلہ کرنا نوا زشریف کا کام ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم آسمان سے گر کھجور میں اٹک گئے ہیں تلوار ابھی بھی لٹک رہی ہے اور اب نواز شریف اکیلے نہیں اوروں کو بھی ساتھ لے کر جائیں گے۔ تحریک انصاف پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات سیدصمصام علی بخاری نے کہاہے کہ سپریم کورٹ کے دوسینئر ترین ججز نے نوازشریف کو نااہل قراردیا ہے۔ تحریک انصاف وزیراعظم کے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کرتی ہے۔ تحریک انصاف لاہور کے رہنمائوںکا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے وزیراعظم نوازشریف کو کلین چٹ دی نہ ہی صادق اور امین قراردیا ہے۔ جیت کا جشن منانے والے لیگی سپریم کورٹ میں جو ثبوت 6ماہ میں پیش نہیں کرسکے وہ 2ماہ میں کہاں سے پیش کریں گے؟ تحریک انصاف لاہور کی قیادت صدر لاہور ولید اقبال ، میاں حماد اظہر ، شیخ امتیاز، عاطف چوہدری، طاہر رشیدچوہدری ،اصغر گجر، نعیم الحق، ایم پی اے سعدیہ سہیل ، طارق حمید، عفیف صدیقی اور فاطمہ چدھڑ سمیت ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ میں جمع ہوئے۔ کارکنوں نے فیصلہ سامنے آنے کے بعد عمران خان اور تحریک انصاف کی قیادت کے حق میں نعرے بازی کی۔ سر براہ میڈیا سیل تحریک انصاف پنجا ب ڈاکٹر شاہد صد یق خان نے کہا کہگونو ازگونواز کا نعرہ حقیقت بن چکا ہے۔ جے آئی ٹی کا حکم واضح کررہاہے کہ نواز فیملی کی چوری پکڑی گئی ہے اور تحقیق کر نا باقی ہے۔