چین نے ہر آزمائش میں پاکستان کا ساتھ: منظور وٹو
لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو، جنرل سیکرٹری تنویر اشرف کائرہ، فنانس سیکرٹری اورنگزیب برکی، ایڈیشنل سیکرٹری دیوان محی الدین سیکرٹری انفارمیشن راجہ عامر، ڈپٹی سیکرٹری عابد صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی کی آج دنیا میں مثال پیش کی جاتی ہے یہ دوستی بحرہ عرب سے گہری اور کوہ ہمالیہ سے بلند ہے چینی صدر کے دورہ پاکستان سے باہمی تعاون کی سی منزلیں کھلیں گی انہوں نے کہا ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے وزارت عظمیٰ کے ادوار میں پاکستان اور چین میں تعاون کی نئی راہیں کھلیں چین سے ملنے والے تمام فوائد ذوالفقار علی بھٹو کے ویژن کی مرہون منت ہیں۔ حکومت پاکستان چینی حکومت کی پالیسیوں کی تقلید کرے چین نے صرف 20 برسوں میں 40 کروڑ افراد کو خط غربت سے نکالا ہے پیپلز پارٹی چینی صدر کے دورہ پاکستان کا بھرپور خیر مقدم کرتی ہے چین پاکستان کا بہترین دوست ہے جو ہر آزمائش میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔