گوردواروں کی خوبصورتی اور ترقیاتی کام قابل تعریف ہیں: سردار امریک سنگھ

لاہور (خصوصی نامہ نگار) بیساکھی میلہ کی تقریبات میں شرکت کیلئے سکھ یاتری گزشتہ روز بھارت واپس روانہ ہو گئے۔ سکھ یاتری بھارت جانے کے لئے واہگہ ریلوے سیٹیشن پہنچے تو سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، یاتری پاکستان میں قیام کے دوران ننکانہ صاحب، حسن ابدال، گوردوارہ پنجہ صاحب سمیت اپنے دیگر مذہبی مقامات پر گئے، روانگی کے موقع پر یاتریوں کے پارٹی لیڈر سردار امریک سنگھ نے کہاہے کہ ہم یہاں ملنے والی عزت افزائی اور پیار محبت کو کبھی بھول نہ پائیں گے۔ ہمارے گوردواروں کی خوبصورتی اور ترقیاتی کام قابل تعریف ہیں۔ چیئرمین بورڈ صدیق الفاروق نے کہا کہ یاتری جب دوبارہ پاکستان آئیں گے تو انہیں بہت کچھ نیا دیکھنے کو ملے گا۔