چینی صدر کے اعلانات نے پاکستان میں روشن معاشی مستقبل کی بنیاد رکھ دی: شہباز شریف

چینی صدر کے اعلانات نے پاکستان میں روشن معاشی مستقبل کی بنیاد رکھ دی: شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کے صدر کے ا علانات نے پاکستان میں ایک روشن معاشی مستقبل کی بنیاد رکھ دی ہے۔ پنجاب کے لئے جن منصوبوں کا سنگ بنیا درکھا گیا ہے یا جن معاہدوں کو حتمی شکل دی گئی ہے، ان پر عملدرآمد کے لئے شب و روز ایک کر دیں گے۔ وہ گزشتہ روز اسلام آباد میں پاک چین تاریخ ساز معاہدوں کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ چین کے صدر کے خطاب نے پاکستانی قوم کو نیا ولولہ اور حوصلہ دیا ہے۔ سست روی کا دور گزر گیا، آنے وا لے سال معاشی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے ادوار ہیں۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں قوم کو اور بھی خوشیاں ملیں گی۔ شہباز شریف نے توانائی، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، مائننگ اور دیگر شعبوں سے وابستہ چین کی سرکاری و نجی سیکٹرز کی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چین کے صدر کے تاریخی دورہ پاکستان سے پاک چین لازوال دوستی کی نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے اور چین کے صدر کے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان بے مثال تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔ چین کے صدر کایہ دورہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا نیا باب لکھے گا۔ چین کے صدر کی آمد اہل پاکستان کیلئے ایک تاریخی واقعہ ہے اور 20 اپریل کا دن پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ یادگار رہے گا۔ شہبازشریف سے دنیا کا سب سے بڑا ڈیم ’’تھری گورجیس‘‘ بنانے والی چین کی کمپنی پاور چائنہ کے چیئرمین ین ژی یونگ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں آبی ذخائر سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ شہبازشریف نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں چینی تعاون سے آبی ذخائر سے بجلی پیدا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چین توانائی کے شعبے میں پاکستان میں اربوں ڈالرکی سرمایہ کاری کررہا ہے اور دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کو قرضہ قرار دینے والے غلط بیانی سے کام لے رہے تھے۔ چین کے صدر کا دورہ معاشی، اقتصادی اور تجارتی میدان میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔ شہبازشریف سے چائنہ ریلویز اور نورینکو انٹرنیشنل کے اعلیٰ سطح کے و فد نے ملاقات کی، جس میں لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ پاکستان کا عظیم الشان پراجیکٹ ہے اور یہ منصوبہ پاکستان میں جدید ترین ٹرانسپورٹ کا نکتہ آغاز ثابت ہوگا اور شہریوں کو تیز رفتار، باکفایت اور آرام دہ سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ چین کے صدر اور وزیراعظم کا اہل پاکستان کیلئے تحفہ ہے۔ چینی سرمایہ کاری سے مختلف منصوبوں کے آغاز سے روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے۔ چین کے اقتصادی پیکیج سے پاکستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ پنجاب میں چینی تعاون سے شروع کئے جانیوالے منصوبوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں اور ان منصوبوں کو اعلی معیار اور شفافیت کے ساتھ تیزرفتاری کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔ شہبازشریف سے چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے چیئرمین سن بائی کی قیادت میں اعلی سطح کے وفدنے بھی ملاقات کی، جس میں توانائی، جدید مائننگ اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کے صدر کا دورہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں تاریخ ساز سنگ میل ہے۔ چین نے ایک ایسے وقت میں ہاتھ تھاما ہے جب پاکستان توانائی کے بدترین بحران سے نبردآزما ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی قیادت اور عوام پاکستان کی مشکلات اور مسائل سمجھتے ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے لیہ کے موضع کچی والا میں ایک نجی سکول میں ٹیچر کی جانب سے طالب علم کو درخت سے الٹا لٹکا کر تشدد کرنے کے واقعہ کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ محمد شہباز شریف نے مقامی اخبار کے چیف فوٹو گرافر محمود قریشی کی والدہ اور دبئی میں روزنامہ ’’نوائے وقت‘‘ کے بیورو چیف طاہر منیر طاہر کی ہمشیرہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مزید برآں شہبازشریف نے جہلم میں مظفر گڑھ کے علاقے جتوئی کے رہائشی بھٹہ مزدور کو بھٹے میں زندہ جلانے کی خبر کانوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او جہلم سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔