چینی صدر کا دورئہ پاکستان معیشت کو مستحکم کرنے میں کردار ادا کریگا: صنعتکار، تاجر

لاہور (نیوز رپورٹر) ملک کے صنعت کاروں اور تاجروں نے چینی صدر کے دورئہ پاکستان کا خیرمقدم اور وزیراعظم محمد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا ہے کہ جن کی کوششوں سے چین پاکستان میں مختلف منصوبوں میں 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے۔ ان صنعت کاروں اور تاجروں نے توقع ظاہر کی ہے کہ چین کے صدر کا دورئہ پاکستان معیشت کو مستحکم کرنے میں بہت اہم کردار ادا کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز، آپٹما کے چیئرمین ایس ایم تنویر، پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ کے صدر عبدالباسط، پی پی اے کے چیئرمین ڈاکٹر مصطفی کمال، لاہور سٹاک ایکسچینج کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب احمد چودھری، سابق چیئرمین لاہور سٹاک ایکسچینج سید عاصم ظفر، پیاف کے وائس چیئرمین خواجہ شاہ زیب اکرم اور لاہور چیمبر کے سابق ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن الماس حیدر نے چینی صدر کے دورہ پاکستان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے کیا۔ ان صنعت کاروں اور تاجروں کا کہنا تھا کہ چینی صدر کے دورئہ پاکستان کے موقع پر اربوں ڈالر کے معاہدوں سے پاکستان میں توانائی کا بحران حل ہوگا، صنعتوں کو وسعت ملے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ چین کی تکنیکی اور مالی معاونت دونوں ممالک کے پرخلوص اور مضبوط تعلقات کا ثبوت ہے، چین پاکستان کا بڑا تجارتی حصے دار ہے اور توقع ہے کہ آئندہ چند برسوں میں باہمی تجارت کا حجم پندرہ ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی صرف سرحدیں ہی نہیں بلکہ دل بھی ملتے ہیں۔ اعجاز اے ممتاز، ایس ایم تنویر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تاجر تعمیرات، ہوٹل، سیاحت، ایس ایم ایز، کمپیوٹر، گارمنٹس، کارپوریٹ فارمنگ، سی فوڈ، فوڈ پراسیسنگ، بینکنگ اینڈ فنانس، لائٹ انجینئرنگ وغیرہ کے شعبوں میں مشترکہ منصوبہ سازی کا آغاز کرسکتے ہیں۔ خواجہ شاہ زیب اکرم نے کہا کہ زرعی پیداوار بڑھنے سے نہ صرف مقامی ضرورت پوری ہوگی بلکہ اضافی پیداوار چین کو بھی برآمد کی جاسکے گی۔ آفتاب احمد چودھری اور سید عاصم ظفر نے چینی صدر کے دورہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کی خارجہ پالیسی کی بہت بڑی کامیابی ہے۔