نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے وفد کی رفیق تارڑ کی قیادت میں مزار اقبال پر حاضری

لاہور (خصوصی رپورٹر) شاعر مشرق حکیم الامت مفکر پاکستان حضرت علامہ محمد اقبالؒ کی 77 ویں برسی کے سلسلے میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ بزم اقبالؒ آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے عہدیداران و کارکنان نے سابق صدر پاکستان اور چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ کی قیادت میں کارکنان تحریک پاکستان کے ہمراہ مزار اقبالؒ پر حاضری دی۔ انہوں نے مزار پر پھول چڑھائے اور علامہ محمد اقبالؒ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، ممتاز دانشور و کالم نگار ڈاکٹر محمد اجمل نیازی، مزدور رہنما خورشید احمد، علامہ احمد علی قصوری، نظریہ پاکستان فورم جہلم کے صدر پروفیسر قدرت علی، انجینئر محمد طفیل ملک، عزیز ظفر آزاد، میجر (ر) صدیق ریحان، حنیف شاہد، میاں خدا بخش، ریاض چودھری، نواب برکات محمود، نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔ علامہ احمد علی قصوری نے علامہ محمد اقبال کی روح کے ایصال ثواب اور بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی اور ملکی تعمیر و ترقی کیلئے خصوصی دعا کی۔ حافظ مرغوب احمد ہمدانی اور مون پبلک سکول، راوی روڈ لاہور کے طالب علم دانیال نے خوبصورت انداز میں کلام اقبالؒ پیش کیا۔