ملک کو قائداعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنانے کیلئے سب اپنا کردار ادا کریں: رانا ارشد

لاہور (پ ر) پارلیمانی سیکر ٹری برائے اطلاعات و ثقافت رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ دہشت گردی ایک عالمی سازش ہے جسکا مقابلہ کرنے کے لئے اقبال کے پیغام کے مطابق مسلم اُمہ کو اکٹھا ہونا پڑے گا۔ گورنمنٹ کالج ٹائون شپ میں " اقبال اور مُسلم نوجوان " کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت، سیاسی جماعتوں اور عوام کو چاہئے کہ وہ پاکستان کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنانے کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ صدر تقریب پرنسپل ڈاکٹر اعجاز بٹ نے کہا کہ اگر پاکستانی قوم اور مُسلم اُمہ اقبال کے پیغام پر غور کر لیتی تو آج ہماری یہ حالت نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے اقبال کا پیغام تعلیم اور تحقیق ہے۔ معروف ماہرِ اقبالیات ڈاکٹر خضر یاسین نے کہا کہ اقبال آج کی تہذیبی ضرورت ہے۔ ممتاز شاعرہ اور ادیبہ نیلما درانی کا کہنا تھا کہ اقبال نے پوری دنیا کو اخوت کا پیغام دیا جبکہ صدر شعبہ اردو ڈاکٹر ریاض قدیر نے کہا کہ اقبال کا کلام نوجوانوں میں تدبر اور تحرک پیدا کرتا ہے۔