علامہ محمد اقبال کا 77 واں یوم وفات آج عقیدت و احترام سے منایا جائیگا

علامہ محمد اقبال کا 77 واں یوم وفات آج عقیدت و احترام سے منایا جائیگا

لاہور+ڈسکہ (آن لائن+ نامہ نگاران) مفکر پاکستان شاعرمشرق ڈاکٹر سر علامہ محمد اقبال کا77واں یوم وفات آج 21 اپریل بروز منگل ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جائیگا ۔ یوم وفات کے سلسلے میں ملک بھر میں سرکاری و غیر سرکاری سطح پر تقاریب، تقریری مقابلوں، سیمینارز، مذاکروں اور دیگر پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا جس میں حکیم الامت ڈاکٹر علامہ اقبال کی تحریک پاکستان کیلئے عظیم خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ اخبارات خصوصی ایڈیشن شائع کریں گے جبکہ پی ٹی وی اور نجی ٹی وی چینلز بھی خصوسی پروگرام نشر کریں گے۔ شاعر مشرق علامہ اقبال ممتاز قانون دان اور تحریک پاکستان کی اہم شخصیت تھے اور اردو اور فارسی کے ممتاز شاعر تھے۔ڈاکٹر سر علامہ اقبال کو دور جدید کا صوفی شاعر سمجھا جاتا ہے ان کا بحیثیت سیاستدان اہم ترین کارنامہ نظریہ پاکستان کی تشکیل ہے۔ بطور شاعر ان کی معروف ترین تصانیف میںبانگ درا، بال جبریل، ضرب کلیم، پیام مشرق اور دیگر قابل ذکر ہیں۔ وہ21اپریل1938ء کو60برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔