شاعر مشرق علامہ اقبال کے یوم وفات پر آج ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں خصوصی تقریب ہو گی، صدارت رفیق تارڑ کریں گے

لاہور (خصوصی رپورٹر) شاعر مشرق، حکیم الامت، مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کے 77 ویں یوم وفات کے موقع پر آج منگل 21 اپریل کو ساڑھے دس بجے صبح ایوان کارکنان تحریک پاکستان، شاہراہ قائد اعظم لاہور میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہو رہی ہے جس کی صدارت تحریک پاکستان کے نامور کارکن، سابق صدر اور نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین محمد رفیق تارڑ کریں گے۔ مقررین میں پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، جسٹس (ر) بیگم ناصرہ جاوید اقبال، صاحبزادہ سلطان احمد علی، ڈاکٹر محمد اجمل نیازی، بیگم بشریٰ رحمن، سید اکرم اکرام شاہ، ولید اقبال ایڈووکیٹ، علامہ احمد علی قصوری اور قیوم نظامی شامل ہیں۔ نشست کا اہتمام نظریہ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔