حرمین شریفین کانفرنسیں جاری‘ ملک بھر کی جماعتوں کو متحد کر رہے ہیں: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے تحت مختلف شہروں میں گزشتہ روز بھی تحفظ حرمین شریفین کانفرنسوںکا انعقاد کیا گیا۔ مظفر آباد میں بڑی تحفظ حرمین شریفین کانفرنس ہوئی اور ریلی بھی نکالی گئی جس میں تمام تر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کل بدھ کو جہلم میں تحفظ حرمین شریفین کانفرنس ہو گی جس سے امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید و دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔ مولانا امیر حمزہ، مولانا ابوالہاشم نے مرکز القادسیہ چوبرجی میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کی حفاظت کے لیے ہم ہر طرح کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ علاوہ ازیں امیر جماعۃالدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مسلمانوں کے دل حرمین شریفین اور سعودی عرب کے ساتھ دھڑکتے ہیں، حرمین کے تحفظ کی جنگ پرائی نہیں ہمارے ایمان کا حصہ ہے، انہوں نے کہاکہ صلیبی و یہودی چاہتے ہیں کہ اصل مسئلہ پیچھے رہ جائے، سعودی عرب کی امداد کیلئے کوئی نہ پہنچ سکے اور مسلم ملکوں میں فسادات کھڑے کر دیئے جائیں۔ یہ بہت خوفناک سازش ہے جسے ہم نے متحد ہو کر ناکام بنانا ہے۔ اصولی طور پر اس مسئلہ پر ان کیمرہ اجلاس ہونا چاہیے تھا تاکہ عالم اسلام کو مایوسی نہ ہوتی۔ پاکستان آنے والے سعودی عرب کے ذمہ داروں کے موقف کو تسلیم کرنا چاہیے۔ دشمنان اسلام باغیوں کو اسلحہ اور مالی امداد فراہم کر رہے ہیں یمن کے امن کو قائم کرنا اس سارے مسئلے کا حل ہے۔