توہین عدالت کیس، طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر سیکرٹری لیبر پنجاب کے وارنٹ گرفتاری

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل نے توہین عدالت کیس میں طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہونے پر سیکرٹری لیبر پنجاب کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ گذشتہ روز درخواست گزار کے وکیل اشتیاق چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم کے باوجود نجی کمپنی میں کام کرنے والے ورکر کو اسکے واجبات نہیں دئیے جا رہے جبکہ سیکرٹری لیبر کی جانب سے عدالت میں جواب تک داخل نہیں کرایا جا رہا نہ ہی وہ عدالت میں پیش ہوئے ہیں لہٰذا انکے خلاف توہین عدالت کی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے۔ جس پر عدالت نے سیکرٹری لیبر پنجاب کے وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔