ایک جیسی تحریر پر میٹرک کے 24 طلبا کے پیپر یو ایم سی برانچ بھجوا دیئے گئے

لاہور (فرزانہ چودھری) 2015ء سالانہ سیکنڈری بورڈ کے میٹرک کے امتحان میں دسویں جماعت کے 24 لڑکوں کے انگلش B کے پیپرز میں لکھائی ایک جیسی ہونے کی وجہ سے Examiner نے یہ تمام پیپرز لاہور بورڈ کی یو ایم سی برانچ کو بھجوا دیئے۔ یوں میٹرک کے 24 طالبعلموں کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے جبکہ لاہور سیکنڈری بورڈ کے متعلقہ افسران اس معاملہ کی وضاحت کے لئے گریز کی پالیسی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ راؤنڈ لاہور مفصل سنٹر نمبر 13 کے 24 لڑکوں کے انگلش B کے پیپرز میں لکھائی ایک جیسی ہونے کی وجہ سے شیخوپورہ کے Examiner نے پیپپرز کی مارکنگ کرنے سے معذرت کرتے ہوئے پیپرز UMC برانچ کو ارسال کر دیئے ہیں۔ اس سلسلہ میں جب کنٹرولر امتحانات انور فاروق سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ لاہور بورڈ کے پی آر او قیصر ورک سے بات کریں‘ چیئرمین لاہور بورڈ محمد نصراللہ ورک کے موبائل پر فون کیا تو انہوں نے موبائل اٹینڈ نہیں کیا۔ پھر پی آر او قیصر ورک سے رابطہ کیا گیا اور ان کو اس خبر کے بارے میں بتایا گیا تو انہوں نے کہا کہ کنٹرولر سے پوچھ کے بتاتا ہوں۔ اس کے بعد انہوں نے فون کرکے ایک نجی چینل پر رائیونڈ سنٹر کے حوالے سے چلنے والی ایک سٹوری کے بارے میں بتانا شروع کر دیا اور کہا ہاں ایک Stay کا کیس لاہور بورڈ میں آیا ہے اس کی انکوائری ہو رہی ہے۔