پنجاب اسمبلی، کورم پورا نہ ہونے پر صرف 15منٹ اجلاس ، نشاندہی نہیں کی : اپوزیشن، خود آواز سنی: سپیکر
لاہور(خصوصی رپورٹر/ خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک بار پھر کورم پورا نہ ہونے کے باعث آج تک کے لئے ملتوی ہو گیا، اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے سپیکر سے کہا ہماری طرفسے کسی نے کورم کی نشاندہی نہیں کی جبکہ سپیکر نے کہا میں نے خود ”کورم“ کی آواز سنی ہے، لہذا قانون کے مطابق اب گنتی ہوگی ، تاہم اپوزیشن کا اس پر اصرار رہا کہ کسی نے کورم کی نشاندہی نہیں کی، رانا ارشد نے بھی کہا کہ یہ فائر الارم کی گھنٹی بجی ہے کسی نے کورم کی نشاندہی نہیں کی۔ بعدازاںاپوزیشن لیڈر نے کہا سپیکر نے صوبائی وزیر منشاءاللہ بٹ کو مشکل سوالات سے بچانے کےلئے اجلاس ملتوی کیا ہے۔ ایک گھنٹہ پندرہ منٹ تاخیر سے شروع ہونے والا اجلاس صرف پندرہ منٹ ہی چل سکا جب کورم کی نشاندہی کا معاملہ آیا تو اس وقت 36ارکان ایوان میں موجود تھے۔اجلاس کی صدارت سپیکر رانا اقبال کررہے تھے۔اسمبلی کے ایجنڈا پر محکمہ لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے متعلق سوالات کے جواب صوبائی وزیر منشابٹ دے رہے تھے۔ ابھی وہ (ق) لیگ کی رکن خدیجہ عمر کے سوال کا جواب دے رہے تھے کہ سپیکر نے کہا کورم کی نشاندہی کر دی گئی ہے گنتی کی جائے۔ پندرہ منٹ کے وقفے کے بعد بھی حکومت کورم پورا نہ کر سکی۔کورم پورا نہ ہونے پر سپیکر نے اجلاس آج صبح دس بجے تک ملتوی کردیا گیا۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے جعلی اور غیر معیاری ادویات بنانے والوں کے خلاف اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی جس میں کہا گیا ہے کہ چند درندہ صف لوگ غریب مریضوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔جعلی ادویات بنانے والی فیکٹریوں کے خلاف آپریشن کو مزید تیز کیا جائے۔ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو بھی کنٹرول کیا جائے۔