معاشی استحکام کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے: مقررین
لاہور (خصوصی رپورٹر) ملکی معیشت میں بہتری لانے کیلئے اقتصادی پالیسیوں میں تسلسل بہت ضروری ہے۔ قائداعظم پاکستان کو ایک جدید اسلامی جمہوری فلاحی ملک کے طور پر دیکھنے کے خواہش مند تھے ۔آج پاکستان میں معاشی استحکام کی سخت ضرورت ہے۔ان خیالات کااظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،لاہور میںمنعقدہ فکری نشست بعنوان ’’ پاکستان کی اقتصادی صورتحال اور مستقبل کے امکانات ‘‘ کے دوران کیا۔ اس نشست کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ نشست کی صدارت نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کی جبکہ اس موقع پر محمد اکرم چودھری، میاں سلمان فاروق، منظور حسین خان، نواب برکات محمود، انعام الرحمن گیلانی، ڈاکٹر یعقوب ضیاء شاہد رشیدسمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے شمار قدرتی وسائل سے نواز رکھا ہے۔ پاکستان اپنے جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے اس خطہ میں انتہائی اہم پوزیشن پر واقع ہے۔ ہمارا نظریہ بڑازبردست اور پاکستانی بہت باصلاحیت قوم ہے ۔قدرتی وسائل کو صحیح معنوں میں بروئے کار لانے کیلئے بہترین پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے۔