تمباکو نوشی سے 6 سو ملین لوگ ٹی بی، پھیپھڑوں کی خطرناک بیماریوں سے متاثر ہیں: مجتبیٰ شجاع
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر قانون ،خزانہ‘ ایکسائز و ٹیکسیشن پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ ذرا سی غفلت اور حفاظتی ٹیکے بروقت نہ لگانے سے تقریبا ساڑھے سات لاکھ پاکستانی بچے ہر سال مختلف بیماریوں کا شکار ہو کر یا تو زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں یا عمر بھر کی معذوری کا روگ لگ جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ600ملین لوگ تمباکو نوشی کی پیچیدگیوں کے باعث ٹی بی و پھیپھٹروں کی خطرناک بیماریوں سے متاثر ہیں جبکہ صوبہ کے ٹیچنگ و بڑے سرکاری ہسپتالوںمیں کینسر کے علاج کی سہولتیں میسر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ادارہ صحت کے مطابق سالانہ تین ملین افراد سانس کی نالیوں کی دائمی بیماری کے باعث زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔انہوں نے ڈاکٹرز کمیونٹی اور سوشل ورکرز سے کہا کہ وہ عوام میں بیماریوں سے بچائو اور علاج معالجہ کی سہولتوں بارے شعور اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ امراض گردہ میں مبتلاغریب مریضوں کو مفت ڈائیلاسسز کے لئے 60 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں ۔ مردوں کی صحت کے عالمی دن کے حوالے سے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 17فیصد زیادہ ہے اس کے علاوہ تعلیم کے لئے مختص بجٹ کل اخراجات کا 26.25فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی پر 121.80 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں جوکل بجٹ کا 11.66 فیصد ہے۔