نئی قیمتوں پر مکمل عملدرآمد نہ ہوسکا صرف درجہ سوم گھی 15 روپے سستا

لاہور (کامرس رپورٹر) حکومت پنجاب اور گھی مل مالکان کے مابین گھی کی قیمتوں میں کمی کے لئے طے پانے والے معاہدے پر پوری طرح عمل درآمد نہیں ہوسکا اور صرف ایک گھی مل نے اپنے تیار کردہ درجہ سوم ایک کلو/ لیٹر گھی اور کوکنگ آئل کے پیکٹ کی قیمت میں 15 روپے کمی کی ہے جبکہ درجہ اول گھی کی فی کلو قیمت میں 15 روپے کی بجائے 6.25 روپے تک کمی کی گئی ہے۔ گھی مل کی جانب سے قیمتوں میں کمی کے بعد ایک کلو گھی کے پیکٹ کی قیمت 145 روپے سے کم ہوکر 130 روپے جبکہ ایک لیٹر کوکنگ آئل کے پیکٹ کی قیمت 153 روپے سے کم ہوکر 138 روپے ہوگئی ہے۔ صوبائی دارالحکومت سمیت بیشتر شہروں میں گزشتہ روز پرچون سطح پر گھی اور کوکنگ آئل کے نرخوں میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔ پرچون فروشوں نے کہا کہ جب ہمیں کم قیمت والا گھی اور کوکنگ آئل ملے گا تو صارفین کو نئے نرخوں کے مطابق فراہم کردیں گے۔ دریں اثناءگھی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کا آج اجلاس ہورہا ہے۔ پاکستان گھی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاطف اکرام شیخ کے مطابق حکومت معاہدے کے برعکس گھی کی قیمتوں میں مزید کمی کرنے کے لئے دباﺅ ڈال رہی ہے جوکہ ممکن نہیں۔
گھی/ قیمتیں