مضبوط اور ترقی یافتہ معاشرہ کی تشکیل کیلئے تعلیم کو عام کرنا ہو گا: ڈاکٹر رفیق احمد

لاہور (خبر نگار) اساتذہ¿ کرام پاکستان کی شخصیت کے بارے میں مکمل آگہی حاصل کریں اور اسے نئی نسل تک پہنچائیں۔ایک مضبوط اور ترقی یافتہ معاشرہ کی تشکیل کیلئے تعلیم کو عام کرنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہارنظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمدنے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں اساتذہ کےلئے منعقدہ ایک روزہ نظریاتی تربیتی ورکشاپ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ کا اہتمام نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرزٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض سید عابد حسین شاہ نے انجام دیے۔ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ نظریاتی تربیتی ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد پاکستان کی شخصیت اور اس کی آئیڈیالوجی کے بارے میں آگہی پیداکرنا ہے۔ ہمیں ماضی کے اپنے ہیروز کو یاد رکھنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کیلئے بھی ہیروز تیارکرنا ہیں اور اس کیلئے نئی نسل کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے۔ ہر چیز کی طرح پاکستان کی بھی ایک شخصیت ہے اور طلبہ کو اس کی شخصیت سے صحیح معنوں میں روشناس کروانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشرے میں تعلیم کو عام کرنا ہو گا، انصاف اور مساوات قائم کر کے ہی ایک مضبوط معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ قبل ازیں اساتذہ¿ کرام نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں موجود تحریک پاکستان تصویری گیلری کا وزٹ بھی کیا۔