صولت مرزا کے انکشافات کے بعد الطاف کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا: اعجاز چودھری

صولت مرزا کے انکشافات کے بعد الطاف کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا: اعجاز چودھری

لاہور (خبر نگار) تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہاہے کہ صولت مرزا کے انکشافات کے بعد الطاف حسین کا اصل چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔ صولت مرزا کے انکشاف کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔ صولت مرزا کو عدالت اور تحقیقاتی ایجنسیوں کے سامنے تمام حقائق بیان کرنے تک موقع ضرور فراہم کرنا چاہئے۔ کراچی کی عوام کوکئی سالوں سے ایم کیو ایم نے بند بوری لاشیں، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور قتل وغارت کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ کراچی میں ہزاروں افرادکے قتل میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ دریں اثناءاعجاز احمد چوہدری نے مقامی ہوٹل میں سپیکر خیبر پی کے اسد قیصر سے ملاقات کی اور ملک کی موجود ہ سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اعجاز احمد چوہدری نے سپیکر خیبر پی کے کو سینٹ کے انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی پر مبارکباد بھی پیش کی۔