سانحہ یوحنا آباد کا ایک اور زخمی چل بسا زندہ جلایا گیا بابر سرگودھا میں سپردخاک

لاہور + سرگودھا ( نا مہ نگار +نوائے وقت رپورٹ ) یوحنا آباد لاہور میں 2 گرجا گھروں میں خودکش دھماکوں کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا۔ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 18 ہوگئی۔ جبکہ زندہ جلائے جانے والے دوسرے نوجوان بابر نعمان کو گزشتہ روز سرگودھا میں اس کے آبائی گائوں میں سپردخاک کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں مشتعل مظاہرین کے ہاتھوں جلائے جانے والے کوٹ پہلوان جھاوریاں تحصیل شاہ پور کے نوجوان بابر نعمان کو امانتاً لاہور میں دفن کر دیاگیا تھا لیکن ورثاء کی طرف سے بابر نعمان کی پہچان اور ڈی این اے ٹیسٹ کی تصدیق کے بعد اس کی نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی تھی۔ ورثاء رات گئے بابر نعمان کی نعش لے کر کوٹ پہلوان پہنچے اور مرحوم کو صبح ساڑھے آٹھ بجے ان کے آبائی گائوں کوٹ پہلوان جھاوریاں میں سپردخاک کر دیا گیا۔  نماز جنازہ میں ایم پی اے سردار بہادر عباس میکن، سابق تحصیل ناظم سردار فتح خان میکن، قاری وقار عثمانی، قاری احمد علی ندیم، مولانا عبداللہ سعید ہاشمی، مولانا جاوید قادری، ریاست علی فیروزی، معززین علاقہ سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیاسی، سماجی شخصیات اور علمائے کرام نے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔