حکمران کسانوں کے بچوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ نہ چھینیں: پرویزالٰہی

حکمران کسانوں کے بچوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ نہ چھینیں: پرویزالٰہی

لاہور(خبر نگار) ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ کسانوں کا معاشی قتل بند کیا جائے، حکمران ان کے بچوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ نہ چھینیں، ہم نے پنجاب میں اپنی حکومت کے دوران کسانوں کو سستی بجلی، کھاد، بیج، قرضے، وافر پانی، ٹیکس کی چھوٹ اور انقلابی سہولتیں دیں جو نواز شریف اور شہبازشریف نے ختم کر دیں، ان کی کسانوں سے دشمنی ختم نہیں ہو رہی، اب گندم کا بحران بھی سامنے ہے کسانوں کو گندم کی قیمت بھی پوری نہیں ملے گی، پنجاب میں بجلی کا زرعی ریٹ دوسرے صوبوں سے کئی گنا زیادہ ہے مسلم لیگ ن کو ووٹ دینے والے اب لاٹھیاں کھانے کے علاوہ جیلوں میں جا رہے ہیں، ہم ہمیشہ کسانوں کا ساتھ دیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے سینئر نائب صدر محمد بشارت راجہ، صوبائی جنرل سیکرٹری چودھری ظہیر الدین، صوبائی سیکرٹری اطلاعات میاں عمران مسعود، میاں منیر، شیخ عمر حیات، میاں عبدالستار، تنویر احمد چیمہ اور شہزاد چیمہ کے ساتھ کسانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کی گئی پریس کانفرنس میں کہا کہ نواز شریف اور وزیراعلیٰ شہبازشریف کے کسان کش اقدامات ناقابل برداشت ہو چکے ہیں۔ سات سال پہلے ہمارے دور میں دی گئی تاریخی سہولتوں کے باعث پنجاب میں زرعی ترقی کی شرح 3% تھی جو اب 1% رہ گئی ہے۔ کسانوں کیلئے بجلی کی آدھی قیمت کا ہمارا پیکیج ختم اور نئے بیجوں کی تیاری کیلئے ہماری قائم کردہ لیبارٹریز کو بھی بند کر دیا گیا ہے، 2002ء کے بعد چاول کا نیا بیج تیار نہیں کیا گیا، چاول کا فی ایکڑ خرچہ 80ہزار جبکہ آمدن صرف 40ہزار اور کپاس کی آمدنی 2200اور خرچہ 3ہزار روپے فی من ہے، پچھلے سال حکومت نے 30لاکھ ٹن کا وعدہ کر کے 20لاکھ ٹن گندم خریدی، گندم گوداموں میں پڑی ہے جبکہ بھارت افغانستان کو برآمد کر رہا ہے، ان حالات میں نئی گندم کی سرکاری قیمت خرید 900روپے سے اوپر جاتی نظر نہیں آ رہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پنجاب کے کسانوں کو اچھوت سمجھتے ہیں، ہم نے کسانوں کو کھاد اور بیج پر سبسڈی دی، بجلی کی قیمت آدھی کر دی۔ جن کسانوں نے مسلم لیگ ن کو ووٹ دئیے تھے ان کے اس غلط فیصلے کی سزا ان کے بچوں کے علاوہ ان کسانوں کو بھی مل رہی ہے جنہوں نے ن لیگ کو ووٹ نہیں دئیے تھے۔