مسلم لیگ (ن) نے جنگل کا قانون نافذ کر رکھا ہے: پیپلزپارٹی

لاہور (خبرنگار) پنجاب اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے جنگل کا قانون نافذ کر رکھا ہے۔ جمہوری دور میں لاہور جیسے سانحے کا رونما ہونا جمہوری عمل کے لیے اچھا شگون نہیں۔ وزیراعلیٰ زبانی جمع خرچ کرکے سانحہ ماڈل ٹائون کی انکوائری سے جان چھڑانا چاہتے ہیں۔ حکومت کے ایماء کے بغیر اتنی بڑی کارروائی نہیں ہو سکتی۔ طاہر القادری نے پیپلزپارٹی کے دور میں اسلام آباد میں 50 ہزار سے زائد کارکنوں کو جمع کرکے دھرنا دیا تھا لیکن اس وقت گولی تو دور کی بات ایک لاٹھی تک نہیں چلی تھی۔پیپلزپارٹی پنجاب کے سیکرٹری جنرل تنویر اشرف نے کہا منہاج القرآن کے سامنے تجاوزات کو مذاکرات کرکے پرامن طریقے سے ہٹایا جا سکتا تھا۔ پیپلزپارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے واقعہ کی مذمت کی ہے۔  پیپلزپارٹی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری افنان صادق بٹ نے کہا کہ لاہور کا واقعہ ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔