مذاکرات ناکام ہونے کی وجوہات قوم کو بتائی جائیں: ڈاکٹر وسیم

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر و  صوبائی امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ کے نتیجے میں ایک لاکھ افراد نقل مکانی کر گئے۔ تعداد میں مزید اضافہ ہو رہا ہے، وفاقی حکومت بے گھر افراد کی ہرممکن مدد کرے۔ آپریشن کے دوران پرامن اور محب وطن قبائلیوں کے جان ومال کوکسی صورت نقصان نہیں پہنچنا چاہئے۔ طالبان کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی کی وجوہات قوم کو بتائی جائیں۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی دوست نما دشمن قوتوں کے نرغے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نہ آپریشن سے امن قائم ہو سکتا ہے اور نہ ہی بندوق کے زور پر شریعت کا نفاذ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ تخرب کاری اور دہشت گردی کی مخالفت کی۔ مذاکرات کا حصہ بننے کا مقصد بھی پاکستان میں پائیدار امن کا قیام تھا۔