سنی اتحاد کونسل سے وابستہ مشائخ اور اے این پی نے شمالی وزیرستان آپریشن کی حمایت کر دی

لاہور+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ این این آئی) سنی اتحاد کونسل سے وابستہ 50 بڑے روحانی آستانوں کے گدی نشیں مشائخ نے ریاست کے دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کے آپریشن کی حمایت کر دی ہے۔ علاوہ ازیں عوامی نیشنل پارٹی نے بھی شمالی وزیرستان آپریشن کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے مشائخ نے اپنے مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ آپریشن ’’ضربِ عضب‘‘ مقدس جہاد ہے جس کی تائید و حمایت ہر پاکستانی پر شرعاً فرض ہے۔ پاک فوج پاکستان بچانے کی جنگ دلیری سے لڑ رہی ہے۔ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے جہاد میں پاک فوج کے ساتھ ہے۔ اعلامیہ جاری کرنے والے مشائخ میں پیر فضل رسول حیدر، خواجہ فقیر محمد باروی، پیر عظمت علی شاہ، پیر طارق ولی چشتی، پیر غلام مصطفی اور دیگر شامل ہیں۔ علاوہ ازیں عوامی نیشنل پارٹی نے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کی بھرپور حمایت کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں آپریشن کی کامیابی اور ملک میں مکمل سلامتی کیلئے کردار ادا کریں، موسم گرما کی تعطیلات کے تناظر میں آئی ڈی پیز کو تعلیمی اداروں میں ٹھہرانا زیادہ بہتر ہو گا، صوبائی حکومت علاقہ چھوڑنے آئی ڈی پیز کیلئے ٹرانسپورٹ فراہم کرے۔ سنیٹر زاہد خان اور سنیٹر افراسیاب خٹک نے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت نے 2009ء کے سوات آپریشن کیلئے منصوبہ بندی و تیاری کی تھی جس کی وجہ سے آپریشن کامیاب رہا۔