جوڈیشل کمشن مسترد کرنے کا طاہر القادری کا فیصلہ درست ہے: شیخ رشید، حسن محی الدین سے ملاقات

لاہور (خصوصی رپورٹر) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمشن کو مسترد کرنے کا طاہر القادری کا فیصلہ درست ہے، حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں، لیپ ٹاپ سیاست دم توڑ دے گی۔ منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں حسن محی الدین سے ملاقات کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر قاضی فیض بھی موجود تھے۔ شیخ رشید نے مزید کہا  ٹرین مارچ ملتوی کیا ہے منسوخ نہیں کیا۔ ہماری پہلی ترجیح ڈاکٹر طاہر القادری کا استقبال ہے۔ میڈیا نے پنجاب حکومت کی جمہوریت دکھا دی ہے، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ عورتوں پر گولیاں چلائی گئی ہیں۔ حکمران طاہر القادری کی آمد سے خوفزدہ ہیں۔ پنجاب حکومت بربریت کے ذریعے لوگوں کو ڈرانا چاہتی ہے۔ درود پڑھنے والوں پر بھی گولیاں چلائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ عابد شیر علی، خواجہ سعد رفیق، رانا ثناء اللہ حکومتی سوچ کے غماز ہیں۔