تحریک انصاف کا اسمبلیوں سے استعفوں پر بھی غور

تحریک انصاف کا اسمبلیوں سے استعفوں پر بھی غور

لاہور (خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف نے بہاولپور میں 27 جون کو جلسہ عام کی تیاریوں کا ازسرنو سلسلہ شروع کر دیا۔ تحریک انصاف کے ذرائع نے بتایا ہے کہ 27 جون کے جلسہ عام میں عمران خان حکومت کو مطالبات کی منظوری کے لیے حتمی ڈیڈ لائن دیں گے۔ اس سے قبل ڈی چوک کے جلسہ عام میں عمران خان نے مطالبات کیلئے ٹائم فریم دے دیئے جانے کا اعلان کر رکھا تھا لیکن ٹائم فریم نہیں دیا۔ پھر کہا گیا کہ فیصل آباد کے 23 مئی کے جلسہ میں ٹائم فریم دیں گے نہ وہاں اور نہ ہی سیالکوٹ میں ٹائم فریم دیا گیا۔ اب بہاولپور میں جلسے میں ڈیڈ لائن دینے کی بات کی جا رہی ہے۔ تحریک انصاف کے قریبی ذرائع نے امکان ظاہر کیا ہے کہ اسمبلیوں سے مستعفی بھی ہوا جا سکتا ہے تاہم تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اس امکان کو قبل از وقت قرار دیا۔