وزیراعظم اور نثار کے درمیان کشیدگی ختم کرانے کیلئے شہبازشریف پھر متحرک
اسلام آباد (ابرار سعید، دی نیشن رپورٹ) وزیراعظم نوازشریف اور وزیر داخلہ چودھری نثار کے درمیان کشیدگی ختم کرانے کیلئے وزیراعلیٰ شہبازشریف پھر متحرک ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شریف فیملی کے خلاف پانامہ کیس سے جس طرح چودھری نثار نے اپنے آپکو دور رکھا اس سے وزیراعظم ناراض تھے۔ پارٹی کے اندر چودھری نثار کیخلاف مضبوط گروپ حالات سے پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے وزیراعظم کے سامنے زہر اگلتے رہے اور دونوں رہنماﺅں کو ایکدوسرے سے دور کردیا۔ پانامہ کیس میں شریف فیملی کو سنجیدہ الزامات کا سامنا ہے اور ایسے وقت میں چودھری نثار مسائل میں اضافہ کرسکتے ہیں اسلئے وزیراعلیٰ متحرک ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چودھری نثار نے شہبازشریف کو یقین دلایا ہے کہ وہ پارٹی نہیں چھوڑیں گے تاہم وزیراعلیٰ چاہتے ہیں غلط فہمیاں جلد دور کی جائیں۔ پارٹی کے اندر چودھری نثار کیخلاف لابی مضبوط ہورہی ہے جس کے باعث بداعتمادی بڑھی۔
شہبازشریف/ متحرک