چشتیاں‘ کمالیہ، ساہیوال، قصور: دو خواتین سمیت 4 افراد کی خودکشی
لاہور (نامہ نگاروں سے) گھریلو حالات سے دلبرداشتہ دو خواتین سمیت 4 افراد نے خودکشی کرلی۔ چشتیاں سے نامہ نگار کے مطابق گھریلو معاشی بدحالی سے تنگ آکر خودکشی کرنے کی کوشش کے نتیجہ میں منگھیر شریف کی 35سالہ خاتون مختاراں بی بی 150 کلو میٹر دور وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور جاتے ہوئے راستہ میں دم توڑ گئی۔ کمالیہ میں 738 گ۔ب کے 50 سالہ محمد جمال نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہوکر پنکھے کے ساتھ لٹک کر خودکشی کرلی۔ ساہیوال کے نواحی چک 7/114۔ آر میں سعودی عرب پلٹ ظفر اللہ نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر گلے میں پھندا لے لیا۔ قصور کے نواحی علاقہ پنجاں والا میں شادی شدہ خاتون شاہدہ بی بی نے شوہر عارف سے جھگڑے پر دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔