عمران لیگی قیادت پر الزامات کے ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے: پرویز ملک
لاہور(خصوصی رپورٹر)مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر ورکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں عمران خان ناکام اور ان کی سیاست اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والی ہے،لیگی قیادت پر لگائے گئے الزاما ت کے وہ ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے، کرپشن کے خلاف بند باندھنا قوم کی بڑی خدمت ہوگی مسلم لیگ ن کی حکومت یہ بند باندھ کررہے گی،ہم ایسے اقدامات کررہے ہیں جن سے ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہو،ایسا فرسودہ نظام ہر صورت ختم کرکے رہیں گے جس سے امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہو جائے۔ 2017ء ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور ملک سے اندھیروں کے خاتمے کا سال ہوگا، اور ترقیاتی منصوبے مکمل ہونے سے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا خواب پورا ہو جائیگا۔