نظام مصطفی ؐ کے نفاذ کے بغیر ملک کی تقدیر نہیں سنور سکتی: قاری زوار بہادر

 نظام مصطفی ؐ کے نفاذ کے بغیر ملک کی تقدیر نہیں سنور سکتی: قاری زوار بہادر

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ حضور اکرمﷺ کی آمد پوری کائنات کے فرشتے جن وانسان سمیت تمام مخلوق کے لئے خوشیوں کا پیغام لاتی ہے ۔سرکار دو جہاں ﷺ کی تشریف آوری سے دنیا ایسی منور ہوئی کہ اندھیرا ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دور ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرمﷺکی تعلیمات سے دکھی ، بے سہارا ، مجبور اور غلام انسانوں کو آزادی جیسی نعمت نصیب ہوئی عید میلادِ نبی ﷺدُنیا میں انسانوں کے لئے امن و محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہے۔ اس خوشی اور مسرت کے دن عالم اسلام کے مسلمان اپنے رب کی طرف سے دنیا کی سب سے بڑی نعمت ملنے کی خوشی میں عید کی خوشیاں مناتیں ہیں ۔ میلادِ مصطفیٰﷺ سے محبت کرنے والے ربیع الاوّل میں نظام مصطفیٰﷺ کے نفاذ کے لئے جدوجہد کرنے کا عہدکریں کیونکہ نظام مصطفیٰﷺ کے نفاذ کے بغیر اس ملک کی تقدیر نہیں سنور سکتی۔ ہمارے اسلاف نے یہ ملک رسول اللہ ﷺکی محبت میں اللہ اور اس کے رسول کے احکامات کے لئے حاصل کیا تھا ۔اگر پوری قوم متحد ہو کر نظام مصطفیٰﷺکو اقتدار میں لائے تومخلص قیادت کے ذریعے نا صرف لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جائے گی بلکہ وطن عزیز کی تمام مشکلات دور ہو جائیںگی۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے نبی پورہ گلبرگ میںمحفل میلادِالنبیﷺ کے عظیم الشان جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔محفل میلادسے مولانا قاری محمد اقبال،مولانا محمد امین فیضی ،رشید احمد رضوی،قاری اعجاز احمد نورانی دیگر علماء نے بھی خطاب کیا۔