بھارت ایک ارب افراد کی منڈی ہے تجارت سے ہمیں فائدہ ہو گا: خرم دستگیر

لاہور (این این آئی) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بھارت ایک بڑی تجارتی منڈی ہے اور ہمسایہ ملک سے تجارت کے فروغ سے یقیناً ہمیں فوائد حاصل ہونگے، پاکستان نے ہمیشہ برابری کی سطح پر تعلقات کی بات کی ہے اور ایک دوسرے کی منڈیوں تک ”بلا امتیاز رسائی“ اسکی طرف اہم پیشرفت ہے، پاکستان چاہتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی فضا بنے اور کسی ایک چھوٹے سے واقعے سے جاری تجارتی اور مذاکراتی عمل سبوتاژ نہ ہو۔ ایک انٹرویو میں وزیر تجارت نے کہا کہ بھارتی وزیر تجارت سے بہت سے اہم معاملات پر کھل کر بات ہوئی ہے اور بھارت بھی پاکستان کےساتھ پائیدار تعلقات کا خواہشمند ہے۔ واہگہ اٹاری پر چوبیس گھنٹے تجارتی آپریشن سے جہاں تجارت کو فروغ حاصل ہوگا وہیں درآمد اور برآمد کنندگان کا وقت بھی بچے گا۔ تجارت کنٹینرز پر منتقل ہونے سے یہ عالمی معیار کے مطابق ہو جائے گی اور جہاں تک کنٹینرز کی جامع تلاشی کا سوال ہے تو پاکستان کا ادارہ این ایل سی یہ استعداد رکھتا ہے کہ کوئی بھی کنٹینر منٹوں میں سکین ہو سکتا ہے۔ وزیر تجارت نے مزید کہا کہ بھارت سے تجارت کے فروغ سے ہمیں ایک ارب افراد کی منڈی میسر آئے گی اور ہمیں کمٹنٹ کرنی چاہئے کہ ہم بھی بین الاقوامی سطح پر خود کو منوائیں گے اور پاکستان کی مصنوعات پوری طرح وہاں پہنچ سکیں ۔ اسکے لئے حکومت تاجروں کو ہر طرح سے سپورٹ دے گی انشاء اللہ وہ وقت بھی آئے گا جب ڈاکٹر نواز شریف کی قیادت میں پاکستان گیس اور بجلی کے بحران سے بھی باہر نکل آئے گا۔
خرم دستگیر