اللہ تعالیٰ نے آپ کی صفت رحمت کا خصوصی ذکر فرمایا: مولانا راغب نعیمی

اللہ تعالیٰ نے آپ کی صفت رحمت کا خصوصی ذکر فرمایا: مولانا راغب نعیمی

لاہور (خصوصی رپورٹر) اللہ کریم نے حضور کی متعدد صفات کا ذکر کرتے ہوئے آپ کی صفت رحمت کا خصوصی طور پر ذکر فرمایا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ حضور کی رحمت تمام جہانوں کیلئے ہے۔ آپ رحمت کے اس درجے پر فائز ہیں جہاں نہ صرف جن و انس بلکہ چرند پرند، درخت و لکڑی اور پتھر غرض ہر شے آپ کی رحمت سے مستفید ہوتی نظر آتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ناظم جامعہ نعیمیہ مولانا محمد راغب حسین نعیمی نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان شاہراہ قائداعظم لاہور میں جاری تقریبات جشن عید میلادالنبی کے سلسلے میں سکولز کے طلبا و طالبات کے مابین منعقدہ انعامی تقریری مقابلہ بعنوان ”وہ نبیوں میں رحمت لقب پانے والا“ کے دوران طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقابلے کے منصفین کے فرائض پروفیسر رضوان الحق اور پروفیسر حلیمہ سعدیہ نے انجام دیئے۔ نتائج کے مطابق طالبات میں ملائکہ صابر اور طالبہ فجر بابر مشترکہ طور پر اول، مہرال قمر نے دوم اور طہٰ اکرام الحق نے سوم انعام حاصل کیا۔ جبکہ طلبا میں محمد عبداللہ نے اول، حماد یونس نے دوئم اور آریز احمد نے سوم انعام حاصل کیا۔