پتنگ بازوں کو پکڑنے کیلئے دو ہزار رضا کاروں کی ڈیوٹیاں لگ گئیں

لاہور)(خبر نگار)ڈی سی او لاہور سجاد احمد بھٹہ نے سول ڈیفنس کے 2000 رضاکاروں کو پتنگ بازوں پر نظر رکھنے کیلئے بڑی بڑی سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں پر ڈیوٹیاں دینے کیلئے خصوصی احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ یہ جوان گردونواح میں ایسے تمام مکانات پر نظر رکھیں گے جن گھروں کی چھتوں سے پتنگ بازی کی جاتی ہے۔ڈی سی او نے کہا کہ افسران مقامی لوگوں کے تعاون سے ایسے دکانداروں کو گرفتار کریں جو چوری چھپے پتنگ بازی کا سامان تیار یا فروخت کرتے ہیں۔ انہوں نے اہلکاروں سے کہا کہ نشاندہی کیلئے بچوں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں کیونکہ بچے بہتر جانتے ہیں کہ کس گلی محلے میں پتنگ بازی کا ذخیرہ کیا ہوا ہے اور کون شخص فروخت کر رہاہے۔ ڈی سی او نے ہدایت کی کہ اس بات کی بھی سخت نگرانی کی جائے کہ پتنگیں اور ڈوریں لاہور سے باہر نہ لے کر جائی جائیں ۔