طالبات مشاہیرآزادی کی خدمات کا مطالعہ کریں:پروفیسر شریف المجاہد

لاہور( خبر نگار خصوصی) تحریکِ پاکستان کے کارکن‘ ممتاز محقق و دانشور پروفیسر شریف المجاہد نے کہا ہے کہ جو قومیں اپنے محسنوں کو فراموش کر دیتی ہیں تاریخ انہیں صفحہ ہستی سے مٹا دیتی ہے۔ قائداعظمؒ ہمارے محسن اعظم ہیں کہ انہوں نے کروڑوں مسلمانانِ برصغیر کو ہندوﺅں کی غلامی سے نجات دلائی۔ وہ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے پاکستان آگہی پروگرام کے سلسلے میں ایوانِ کارکنانِ تحریکِ پاکستان‘لاہور کا مطالعاتی دورہ کرنے والی مدرسة البنات ہائی سکول‘ آسٹریلیا بلڈنگ کی طالبات سے خطاب کر رہے تھے۔ طالبات کو تحریک پاکستان گیلری کا وزٹ کروایا گیا جہاں انہیں تحریک پاکستان کے مختلف مناظر اور مشاہیر تحریک آزادی کی ساڑھے پانچ سو سے زائد نادر و نایاب تصاویر کے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔پروفیسر شریف المجاہد نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگر قائداعظمؒ کی قیادت ہمیں نصیب نہ ہوتی تو ہماری آزادی کی جدوجہد رائیگاں چلی جاتی کیونکہ برصغیر میں کوئی بھی جماعت ایسی نہیں تھی جس کے پلیٹ فارم پر سارے ہندوستان کے مسلمان جمع ہوتے ۔ انہوں نے طالبات کو نصیحت کی کہ آپ قائداعطمؒ اور مشاہیر تحریکِ پاکستان کی آزادی کی حیات و خدمات کا بھرپور مطالعہ کریں اور ان عظیم لوگوں کے نقشِ قدم پر چلیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کو صرف اس صورت دنیا کا ترقی یافتہ ملک بنا سکتے ہیں جب اسے قائداعطمؒ اور علامہ اقبالؒ کے تصورات و فرمودات کے مطابق چلایا جائے۔