الیکشن کمشن اعتماد بحال کرنے میں ناکام‘ انتخابی اصلاحات پر بنیادی اعتراض ہے: اسد عمر
لاہور (سپیشل رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے ممبر و ایم این اے اسد عمر نے کہاکہ انتخابی اصلاحات پر بنیادی اعتراض ہے ، موجودہ الیکشن کمشن اپنااعتماد بحال کرنے میں ناکام رہا ہے، 2013ء کے تجربے کے بعد الیکشن کمشن پر پورے سیاسی سسٹم کو اعتماد ہونا چاہئے، این اے 120 کا الیکشن سیاسی تاریخ کا اہم الیکشن ہے، یہ الیکشن صاف اور شفاف ہونا چاہئے، ابھی تک نظر نہیں آ رہا کہ الیکشن کمشن اپنی رٹ قائم کر سکا ہو۔ ان خیالات کا اظہار اسدعمر نے شفقت محمود، ڈاکٹر یاسمین راشد کے ہمراہ چیئرمین سیکرٹریٹ گارڈن ٹائون میں پریس کانفرنس کے موقع پر کیا ، پریس کانفرنس میں میاںاسلم اقبال، شعیب صدیقی، عندلیب عباس، ولید اقبال اور عظمیٰ کاردار بھی موجود تھیں، ا سد عمر نے کہاکہ نیب کے ریفرنسز کے بعد شریف فیملی کو ضمانتیں کروانی پڑیں گی، ان سب کے نام ای سی ایل میں ڈال دئیے جائیں کیونکہ یہ پہلے بھی ڈیل کر کے بیرون ملک بھاگتے رہے اب بھی بھاگ جائیں گے۔ تحریک انصاف کی این اے 120 کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاکہ الیکشن کمشن کی طرف سے ابھی تک حتمی ووٹر لسٹیں مہیانہیں ہو رہی ،ہمیں جو ووٹر لسٹ مہیا کی گئی تھی اس میں 35 بلاک کوڈ غائب تھے،ہم الیکشن کمشن میں پانچ پٹیشنز دائر کر چکے ہیں، پنجاب کے پیارے تنویر بٹ نامی شخص اپنی من پسند کی ووٹرلسٹیں تیار کرنے میں مصروف ہیں، ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاکہ تحریک انصاف کی ایم پی اے شنیلہ روت نے 2013ء میں این اے 120 میں ووٹ ڈالا لیکن اب اس حلقہ میں اس کا ووٹ ہی نہیں۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شفقت محمود نے کہاکہ ووٹر لسٹ میں ہیرا پھیری کے ذریعے دھاندلی کی جاتی ہے‘ ہمارے ایم این ایز کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے ،مجھے اپنے حلقے این اے 126 میں ترقیاتی کاموں کے لئے گزشتہ چار سال سے ایک روپیہ بھی نہیں ملا۔