’’غیر آئینی اقدام برداشت نہیں کرینگے‘‘: پیپلز پارٹی نے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروا دی
لاہور (آئی این پی) پیپلز پارٹی کی خاتون رکن پنجاب اسمبلی فائزہ ملک نے ملک میں کسی بھی غیر آئینی اقدام کیخلاف اور جمہوریت کے حق میں پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروا دی۔ منگل کے روز فائزہ ملک نے اپنی جمع کروائی جانیوالی قرارداد میں کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو جمہوریت کے تحفظ کیلئے متحد ہو جانا چاہئے تاکہ جو لوگ ملک میں جمہوریت کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں ان کو ناکام بنایا جا سکے۔ پاکستان کسی لانگ مارچ کا متحمل نہیں ہو سکتا اور تمام مسائل کو مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جانا چاہئے اور پنجاب اسمبلی کا ایوان بھی ملک میں جمہوریت کو مکمل سپورٹ کرتا ہے اور ملک میں کسی بھی غیر آئینی اقدام کی شدید مذمت اور مزاحمت کی جائیگی۔