سیاسی بحران حکومت کی حماقتوں کا نتیجہ ہے، نواز شریف مظاہرین کے پاس خود جائیں: حمید گل
لاہور (خبرنگار) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل (ر) حمید گل نے کہا ہے کہ موجودہ بحران حکومت کی حماقتوں اور غلطیوں کا نتیجہ ہے۔ اب یہ اپنی غلطیوں کو درست بھی خود کریں۔ احتجاج کرنے والی جماعتوں کو فوج کی پشت پناہی حاصل ہونے کا الزام لگانا غلط ہے کوئی نہیں ملتا تو فوج کا نام لیتے ہیں۔ فوج کی پالیسی کیوں ریورس کرتے ہیں۔ 40 سالہ افغان پالیسی پر یو ٹرن کیوں لیا۔ نریندر مودی سے جپھی ڈالی اور دعویٰ کیا کہ بھارت سے دوستی کا مینڈیٹ ملا ہے۔ جب ایک ادارے پر الزام لگا تو غلیل والا قرار دیا۔ اب غلیل والوں کو کیوں بلایا ہے کہ مجھے بچائو، غلطیاں کی ہیں۔ اب وزیراعظم خود مظاہرین کے سامنے جائیں ان سے خطاب کریں انہیں بتائیں کہ ہمارا ملک ہے اسے تباہ نہیں ہونے دینا مگر اس کیلئے جرأت کی ضرورت ہے۔ ’’نوائے وقت‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جنرل حمید گل نے کہا کہ قوم کو فساد میں مبتلا ہونے سے بچانے کی ذمہ داری میاں نواز شریف کی ہے۔ یہ تمام بچے، بچیاں میاں نواز شریف کے بچے بچیاں ہیں ان کے تحفظ کی ذمہ داری انہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کے صدر چارلس ڈیگال ایک ایسے ہی موقع پر طلباء مظاہرے کر رہے تھے خود مظاہرین کے سامنے چلے گئے تھے اور مظاہرین ان کی تقریر سن کر ٹھنڈے ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے پہلے غلطی کی کہ مذاکرات نہیں کیے اور اب مزید غلطی کر رہے ہیں کہ براہ راست رابطہ نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس طرح کے مظاہروں سے گھر نہیں جانا چاہیے۔ پاکستان بنانا ری پبلک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ غلطی بھی میاں نواز شریف کی ہے کہ انہوں نے آصف زرداری کے دور میں فرینڈلی اپوزیشن کی اور کھلی چھٹی دے دی۔ اپوزیشن کا ہونا ضروری ہوتا ہے۔ جنرل حمید گل نے کہا کہ فوج کو عوام کے سامنے نہیں لانا چاہیے اور فوج کو لائیں گے بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پاکستان میں ہر جگہ جانے کا حق ہونا چاہیے عوام پارلیمنٹ کے سامنے جائیں پرامن رہیں اور دھرنا دیں۔ انہوں نے کہا کہ آج نئے پاکستان اور آزادی کی بات ہو رہی ہے تو ہم نے آزادی امریکہ، عالمی بینک اور آئی ایم ایف سے لینی ہے۔