مشرف ملک و ملت کا غدار اور موت کا حقدار ہے: عاکف سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار)جنرل پرویز مشرف ملک و ملت کا غدار اور آئین کی شق 6 کے تحت موت کا حق دارہے۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے قرآن اکیڈمی لاہور میں خطبہ جمعہ کے دوران کہی۔ انھوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے دو مرتبہ آئین توڑا، اور اس کے جرائم کی فہرست بہت طویل ہے۔ اُس نے لال مسجد میں قرآن پاک پڑھتی بچیوں اور بہت سے معصوم لوگوں کا قتل عام کیا۔ روشن خیالی کے نام پر شریعت محمدیہ کا تمسخر اُڑایا اور فحاشی اور بے حیائی کو عام کیا۔ اُنھوں نے مطالبہ کیا کہ پرویز مشرف کو عام جیل میں قیدیوں کی طرح رکھا جائے، اُس کے کئی ایکڑوں پر پھیلے ہوئے گھر کو سب جیل قرار دینا صریحاً جانبداری کا مظاہرہ اور عدل کے خلاف ہے۔