تحریک انصاف کے 135 کارکنوں کی گرفتاری، آئی جی، سی سی پی او لاہور کو دوبارہ نوٹس جاری
لاہور+ سرگو دھا+گوجرانوالہ (وقائع نگار خصوصی+ اپنے نامہ نگار سے+نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار ) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سید افتخار حسین شاہ نے تحریک انصاف کے 135 کارکنوں کی مبینہ گرفتاری پر آئی جی پولیس مشتاق سکھیرا اور سی سی پی او لاہور کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے 23ستمبر تک جواب طلب کر لیا۔ درخواست گزار کی طرف سے شیراز ذکا ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود تحریک انصاف کے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے لہذا آئی جی پولیس، سی سی پی او اور ڈی آئی جی آپریشنز کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ آئی جی کی طرف سے جواب کیلئے مہلت طلب کی گئی مگر فاضل عدالت نے جمعرات کو ہی ایک بجے تک جواب داخل کرنے کا حکم دیا جس کے بعد آئی جی کی طرف سے جواب جمع کرا دیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاری سے متعلق درخواست گزار کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ آئی جی پولیس نے اپنے جواب میں دعوی کیا کہ صوبے میں پی ٹی آئی کے کسی کارکن کو گرفتار نہیں کیا گیا تاہم مجاز اتھارٹی کی منظوری سے جاری ہونے والے ایم پی او کی دفعہ تین کے تحت بعض افراد کو نظر بند کیا گیا ہے۔ سی سی پی او لاہور کی طرف سے جواب جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ شہر میں تحریک انصاف کے احتجاج پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی اور نہ ہی کسی کارکن کو گرفتار کیا گیا ہے۔ 13 کارکنوں کو گلبرگ تھانے میں نظر بند کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے آئی جی اور سی سی پی او کا جواب مسترد کر تے ہوئے پی ٹی آئی کے ایک سو پنتیس کارکنوں کی گرفتاری کی فہرست عدالت میں پیش کی۔ عدالت نے فہرست کو کیس کے ریکارڈ کا حصہ بنا لیا۔ ادھر انسداد دہشت گردی عدالت میں میانوالی جیل میں قید عوامی تحریک کے 129 کارکنوں کو پیش کیا گیا۔ عدالت نے میانوالی میں توڑ پھوڑ کے الزام میں گرفتار 7 کی سماعت 14 اکتوبر اور تھانہ بھکر کے مقدمہ نمبر 345 میں گرفتار 121 کارکنوں کی سماعت 15 اکتوبر اور بھیرہ کیس میں 110 گرفتار افراد کی سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار عوامی تحریک کے 49 کارکنوں کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں جیل بھجوا دیا۔ عدالت نے 30 کارکنوں کی ر ہائی کیلئے الگ الگ روبکاریں جاری کر دی ہیں۔ گوجرانوالہ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے سنٹرل جیل میں نظربند 63 افراد کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ سرگودھا جیل سے عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے 18 کارکنوں کو نظربندی کی مدت پوری ہونے پر رہا کر دیا گیا۔