موروثی سیاست کا سورج غروب ہونے والا ہے: فضل کریم

موروثی سیاست کا سورج غروب ہونے والا ہے: فضل کریم

لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان کو عالمی سازش کے تحت خانہ جنگی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، ملالہ پر امریکی ایجنٹوں نے حملہ کیا تاکہ اسلام اور پاکستان کو بدنام کیا جا سکے، خونی انقلاب کو روکنے کے لیے قومی قیادت اپنا کردار ادا کرے، اقوام متحدہ کا دفتر کسی غیرجانبدار ملک میں منتقل کیا جائے کیونکہ امریکہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، پاکستان کی امریکہ نواز خارجہ پالیسی تبدیل کئے بغیر پاکستان میں امن نہیں ہو گا، امریکی عقوبت خانوں میں رسوا ہونے والی بھی ہماری بیٹیاں ہیں،ان کے لیے بھی آواز اٹھائی جانی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے مفتی محمد کریم خان کی قیادت میں ملاقات کرنے والے اسلامک ریسرچ کونسل کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی حکومت امریکی ہدایات کی بجائے ملکی مفاد میں فیصلے کرے، ملالہ یوسف زئی پر حملہ سفاکیت کی بدترین مثال ہے لیکن اس المناک واقعہ پر سیاست نہیں چمکانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ موروثی سیاست اور خاندانی پارٹیوں کا سورج غروب ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل مسائل زدہ عوام کی آواز بنے گی، ملک میں غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں،ملکی خزانہ حکمرانوں پر لٹایا جا رہا ہے، ملک بدحال اور حکمران خوشحال ہوتے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل آج ملک بھر میں ”یومِ حمایت ِ ممتاز قادری“ منائے گی۔