ملک کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے فوری انتخابات کرائے جائیں: چٹھہ

ملک کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے فوری انتخابات کرائے جائیں: چٹھہ

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ہم خیال کے چیئرمین حامد ناصر چٹھہ اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات میاں محمد آصف نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن اپنے پاﺅں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف ہوگا، امریکہ کی ڈومور پالیسی نے پہلے ہی پاکستان کو دہشت گردی اور تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، حکمران ا قتدار بچانے میں مصروف ہیں اور ملک ہاتھ سے ریت کی طرح نکل رہا ہے ، نیا احتساب کمیشن بل قوم کے ساتھ مذاق ہے اور اسے منظور کرنے والے قومی مجرم ہوں گے جنہیں آئندہ انتخابات میں حساب دینا پڑے گا۔ کارکنوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے حامد ناصر چٹھہ نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی سمیت تمام مسائل کی بنیادی وجہ حکمرانوں کی ناکام پالیسیاں ہیں اور آج ملک میں ہر طرف مایوسی اور بحران ہے اور ان حالات میں ملک کو مزید مسائل سے نجات دلانے کیلئے فوری طور پر عام انتخابات کا اعلان کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے پاکستانی حکومت کو ہمیشہ اپنے مفادات کیلئے استعمال کیا مگر حکمران ا س سے سبق سیکھنے کو تیار نہیں اور آج بھی پاکستانی قوم کی امنگوں کے بجائے امریکہ کی امنگوں کے مطابق فیصلے کئے جا رہے ہیں جو ملک کے لئے انتہائی خطرناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی دہشت گردی کی جنگ کی لپیٹ میں ہے اور اگر شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کیا گیا تو ملکی حالات کو کنٹرول کرنا کسی کے بس میں نہیں رہے گا، اس لئے فیصلے قومی مفادات کو سامنے رکھ کر کرنا ہوں گے ورنہ پھر پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں رہے گا۔