لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے عید پر صفائی کیلئے خصوصی انتظامات‘ 11 ہزارسے زائد ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

 لاہور(خبر نگار) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عید قربان پر صفائی کے لئے خصوصی انتظامات کر لئے۔ 11 ہزارسے زائد فیلڈ ملازمین سمیت تمام افسروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیںں اور عید پر لاہور کو پہلے سے بھی صاف رکھنے کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔ بکر منڈیوں میں ایل ڈبلیو ایم سی کے کیمپ قائم کردیئے گئے جن میں کمپنی کاعملہ صبح 6 بجے سے رات گئے تک صفائی کے لئے موجود رہے گا۔ بکرمنڈیوں کے قریب کنٹینروں کی خصوصی تنصیب کر دی گئی۔ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو تلف کرنے اور عید کے دنوں میں صفائی کے مسائل کے حل کیلئے ہیلپ لائن 1139 کے بارے میں بتایا جا رہا ہے اگلے ہفتے ایل ڈبلیو ایم سی کی گاڑیاں لاﺅڈ سپیکر کے ذریعے لوگوں کو عید پر صفائی کے متعلق ہدایات جاری کرنا شروع کر دیں گی۔ ترجمان کے مطابق الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے ایم ڈبلیو ایم سی کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔