حکمرانوں اور وزیروں مشیروں کی تربیت ہونی چاہئے : مسلم لیگ (ن)

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) اوورسیز کے مرکزی سیکرٹری جنرل شیخ قیصر محمود نے کہا کہ حکمرانوں اور ان کے وزیروں، مشیروں کی تربیت کی ضرورت ہے۔ منہ میں جو آتا ہے وہ بولنا شروع کر دیتے ہیں۔ صدر زرداری، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، رحمن ملک، قمر زمان کائرہ اور گورنر پنجاب کے سبھی بیانات سیاسی رواداری، اخلاقیات اور قومی مفادات سے متصادم ہوتے ہیں۔ حکمران نازک اور حساس قومی معاملات کے حوالے سے ہوشمندی کا مظاہرہ کرنے سے قاصر ہیں، ان کا فوری محاسبہ نہ کیا تو خدانخواستہ ملک ہاتھ سے نکل جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدعنوان حکمران قومی ایشوز پر مقتدر قوتوں کے ساتھ دوٹوک بات کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے جو حکمران اپنے وطن اور ہم وطنوں کے ساتھ مخلص نہیں ہوتے، وہ دنیا میں جہاں چلے بھی جائیں وہاں کوئی ان کا احترام نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دعا ہے پاکستان اور پاکستانیوں کو نااہل حکمرانوں سے نجات ملے اور ملک میں پُرامن آئینی تبدیلی کی راہ ہموار ہو جس طرح مسلم لیگ (ن) نڈر قیادت نے ہر فورم پر کشمیر کاز کی وکالت کا حق ادا کیا اس طرح کسی دوسرے حکمران کو توفیق نہیں ہوئی۔