بدامنی اور مہنگائی نے جینے کا حق چھین لیا: تحریک منہاج القرآن

لاہور (پ ر) سینئر نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ ضروریات زندگی کی اشیاءمہنگی، بجلی اور گیس کی عدم دستیابی عوام سے جینے کا بنیادی حق چھیننے کے مترادف ہے، بدامنی اور دہشت گردی سے جنم لینے والا خوف و ہراس عوام کی مشکلات میں اضافہ کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں لاہور تنظیمات کے عہدیداروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر امیر لاہور تحریک منہاج القرآن ارشاد طاہر، ناظم لاہور تحریک منہاج القرآن حفیظ اللہ جاوید، ثناءاللہ، الیاس ڈوگر، میاں رئیس احمد اور چودھری محمود بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ کرایوں میں اضافہ بھی عوام پر مزید معاشی بوجھ اور دکھوں میں خطرناک اضافہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ قوم کو اتحاد کی ضرورت ہے مگر ہم مجموعی طور پر اتحاد کا راستہ چھوڑے ہوئے ہیں، ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا روز بروز بڑھتا ہوا دوراینہ ایک نئے المیہ کا باعث بنتا جا رہا ہے، جس کا پورا ادراک حکومتی سطح پر کماحقہ نہیں ہے، جب لوگوں کو ان کی بنیادی ضروریات زندگی نہ ملیں، روزگار دستیاب نہ ہوا، گھر سے باہر نکلنے والوں کو یقین نہ ہو کہ وہ بخیریت واپس گھروں کو لوٹیں گے کہ نہیں، وہ ان سب جھمیلوں اور طوفانوں کا سامنا کرکے واپس پہنچیں تو گھروں میں بچے بھوک اور بجلی کی عدم دستیابی کی و جہ سے بلک رہے ہوں تو سٹپٹا کر نہ رہ جائیں گے تو اور کیا کریں گے۔