عوام مایوسی پھیلانے والا دھرنا گروپ خود اسکا شکار ہو چکا: شہباز شریف
لاہور (نوائے وقت نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام میں مایوسی پھیلانے والا دھرنا گروپ خود مایوسی کا شکار ہو چکا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا دھرنا گروپ نے ترقی کے سفر کو روکنے کی کوششیں کیں۔ ملکی ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والوں کے منفی عزائم ناکام ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا ٹھوس حکومتی پالیسیوں سے ورثے میں ملنے والی تباہ حال معیشت بحال ہوئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا عالمی اداروں نے بھی معاشی صورتحال کی بہتری کا اعتراف کیا ہے۔ معیشت کی مضبوطی کا کریڈٹ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جاتا ہے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے وزیر مملکت عبدالرحمن کانجو نے ملاقات کی جس میں سیاسی امور، جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں اور فلاح عامہ کے پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔ موجود دور میں شروع کئے گئے جنوبی پنجاب میں میگا ترقیاتی منصوبوں کی پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں کوئی مثال موجود نہیں اورمیں ذاتی طور پر جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی پروگراموں کی نگرانی کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 23 ارب روپے کی لاگت سے لودھراں خانیوال روڈ کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے اور یہ منصوبہ جنوبی پنجاب کے عوام کو آمد و رفت کی جدید اور معیاری سہولتیں فراہم کرے گا۔لودھراں خانیوال روڈ کا منصوبہ 2018 کے شروع میں مکمل ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے جامع پروگرام پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔جنوبی پنجاب کے عوام کو مزید خوشیاں دیں گے۔ وزیر مملکت عبدالرحمن کانجو کی جانب سے جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے انقلابی ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لودھراں میں ایمرجنسی ہیلتھ یونٹ کے قیام کے منصوبے سے عوام کو صحت کی معیاری سہولتیں ملیں گی۔ جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے وزیراعلیٰ شہبازشریف کے اقدامات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔